بنگلورو،19؍اکتوبر(ایس او نیوز) شہر کے راجہ راجیشوری نگر اسمبلی حلقہ میں کانگریس امیدوار ایچ کُسما روی کے خلاف ایف آئی آر درج کروائے جانے پر کانگریس قائدین کے ایک وفد نے ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سے شکایت کی ہے اور مانگ کی ہے کہ فوری طور پر اس انسپکٹر کا اس تھانے سے تبادلہ کیا جائے۔
کے پی سی سی کارگزار صدر سلیم احمد کی قیاد ت میں کانگریس قائدین کے وفد نے چیف الیکٹورل آفیسر سنجیو کمار سے ملاقات کی اور انہیں متعلقہ انسپکٹر کی طرف سے راجہ راجیشوری نگر حلقہ کی کانگریس امیدوار کے خلاف ایف آئی آر درج کئے جانے کی کارروائی کو زیادتی قرار دیتے ہوئے ان سے مانگ کی کہ انتخابی عمل جب تک پورا نہیں ہو جاتا، اس حلقہ کے انسپکٹر کا تبادلہ کیا جائے۔ وفد نے انسپکٹر کی طرف سے ایف آئی آر کے اندراج کو غیر قانونی قرار دیا اور کہا کہ اس حلقہ میں امیدوار نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے 11.45بجے داخلہ لیا۔ لیکن پولیس تھانے میں ان کے خلاف شکایت 11.15بجے داخل ہوئی ہے، اس سے متعلقہ سرکاری افسر کی بدنیتی صاف ظاہر ہو تی ہے۔ اس سلسلہ میں سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بھی ٹویٹ کیا ہے اور کہا ہے کہ متعلقہ افسر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔